انبیاء علیہم السلام میں حضور ﷺ کے بعد سب سے بڑا مرتبہ کس نبی کا ہے؟

مسئلہ:- انبیاء علیھم السّلام کے مختلف درجے ہیں ہمارے حضور حضرت محمد مصطفیٰ کے بعد سب سے بڑا مرتبہ کس نبی کا ہے؟ 
بسم الله الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب
حضرت ابراہیم علیہ السلام کا ہے حضرت علامہ صدر الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:
نبیوں کے مختلف درجے ہیں ، بعض کو بعض پر فضیلت ہے اور سب میں افضل ہمارے آقا و مولیٰ سیّدالمرسلین صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم ہیں { وَ لَقَدْ فَضَّلْنَا بَعْضَ النَّبِیّٖنَ عَلٰى بَعْضٍ } پ ۱۵ ، بنی اسرآئیل: ۵۵۔ =)، حضور (صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) کے بعد سب سے بڑا مرتبہ حضرت ابراہیم خلیل اﷲ علیہ السلام کا ہے،
پھر حضرت موسیٰ علیہ السلام، پھر حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور حضرت نوح علیہ السلام کا ، اِن حضرات کو مرسلین اُولو العزم کہتے ہیں اور یہ پانچوں حضرات باقی تمام انبیا و مرسلین انس و مَلَک و جن و جمیع مخلوقاتِ الٰہی سے افضل ہیں ۔ جس طرح حضور (صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) تمام رسولوں کے سردار اور سب سے افضل ہیں ، بلا تشبیہ حضور (صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) کے صدقہ میں حضور (صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) کی اُمت تمام اُمتوں سے افضل۔
علامہ عبد الحق محدث دہلوی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں: 
( أفضل الأنبیاء محمد صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ، چنانچہ فرمودہ (( أنا سید ولد آدم ولا فخر )) در عرف بمعنی نوع انسان آبد تا آدم، نیز در مفہوم آن داخل بود، وحدیث (( آدم ومن دونہ تحت لوائي )) در مقصود ظاہرتر وصریح تر است، فضیلت بعد ازاں حضرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام راست، وبعد ازوي موسی وعیسی ونوح علیہم السلام راست، وایں پنجتن اولوالعزم اند کہ بزرگ ترین وفاضلترین رسل اند، وصبر ومجاہدہ ایشاں در راہ حق ازھمہ بیشتر است ) ملتقطاً ۔
تکمیل الإیمان ‘‘ ، ص ۱۲۴۔۱۲۵
یعنی: نبیوں میں سب سے افضل سید عالم ( صلی اللہ علیہ وسلم) ہیں چنانچہ آپ( صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم) نے ارشاد فرمایا:’’میں تمام اولاد آدم کا سردار ہوں اور کوئی فخر نہیں ‘‘۔ اولاد آدم عرف میں نوع انسانی کے لئے جس میں سیدنا آدم علیہ السلام بھی داخل ہیں بولا جاتا ہے، د وسری حدیث میں ہے کہ: ’’آدم اور ان کے سوا سب میرے جھنڈے کے نیچے ہوں گے‘‘۔ یہ حدیث آپ (صلی اللہ علیہ وسلم) کی فضیلتِ مطلقہ کے مقصد میں ظاہر تر اور بہت صریح ہے۔ آپ ( صلی اللہ علیہ وسلم)کے بعد صاحب ِفضیلت حضرت ابراہیم خلیل اللہ (علیہ السلام) ہیں ، پھر حضرت موسی پھر عیسی اور نوح (علیہم السلام) ہیں اور یہ پانچوں حضرات اُولو العزم ہیں جو سب رسولوں اور نبیوں میں افضل اور بزرگ تر ہیں ، راہ حق میں ان کا صبر و مجاہدہ سب سے زیادہ ہے۔
(بہار شریعت حصہ اول صفحہ ۵۴ ۵۵ ۵٦ عقائد متعلّقۂ نبوت) 
٤ ربیع الاول ۱٤٤٦ ھجری
۸ ستمبر ۲۰۲۴ عیسوی یکشنبہ
Previous Post Next Post