مسئلہ:- شوہر اگر بیوی کو حکم دے کہ مردوں کی طرح بال کٹوالو تو کیا عورت اپنے بال کٹوا سکتی ہے؟
بسم الله الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب
شوہر حکم دے تو بھی نہیں کٹوا سکتی کیونکہ ایسا کرنا ناجائز وگناہ ہے اور مردوں سے مشابہت کرنے والی عورت پر رسولِ کریم ﷺ نے لعنت فرمائی ہے
عن ابن عباس رضي الله عنهما، قال لعن النبی ﷺ المتشبهين من الرجال بالنساء والمتشبهات من النساء بالرجال
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سےروایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ان مردوں پر لعنت بھیجی جو عورتوں والی مشابہت اختیار کریں اور ان عورتوں پر جو مردوں جیسی مشابہت اختیار کریں
(صحیح البخاری جلد دوم صفحہ ۸۷۴ کتاب اللباس)
اور شرعی معاملات میں کسی مخلوق کی اطاعت جائز نہیں ہے یعنی ہر جائز کام میں بیوی کے لیے شوہر کا حکم ماننا واجب کے درجے میں ہے لیکن گناہ کا حکم دے تو اس کی بات نہیں تسلیم کی جائے گی :
حضرت علامہ صدرالشریعہ رحمۃ اللہ علیہ فرماتےہیں ۔۔۔
عورت کو سر کے بال کٹوانے جیسا کہ اس زمانہ میں نصرانی عورتوں نے کٹوانے شروع کردیے ناجائز و گناہ ہے اور اس پر لعنت آئی شوہر نے ایسا کرنے کو کہا جب بھی یہی حکم ہے کہ عور ت ایسا کرنے میں گنہگار ہوگی کیونکہ شریعت کی نافرمانی کرنے میں کسی کا کہنا نہیں مانا جائے گا۔سنا ہے کہ بعض مسلمان گھروں میں بھی عورتوں کے بال کٹوانے کی بلا آگئی ہے ایسی پر قینچ عورتیں دیکھنے میں لونڈا معلوم ہوتی ہیں اور حدیث میں فرمایاکہ :جو عورت مردانہ ہیأت میں ہو اس پر ﷲعزوجل کی لعنت ہے
بہارِشریعت حصہ ١٦ ، صفحہ ۵۸۸)
والله تعالیٰ اعلم
کتبہ محمد معصوم رضا نوریؔ عفی عنہ
۲۴ رجب المرجب ۱۴۴۵ ھجری
۵ فروری ۲۰۲۴ عیسوی دوشنبہ
Tags:
متفرقات