دعائے جنازہ نہ یاد ہو تو کیا پڑھیں؟

مسئلہ :- اگر کسی کو جنازہ کی دعا نہ یاد ہو تو کیا وہ دعائے جنازہ کی جگہ دعائے ماثورہ پڑھ سکتا ہے ؟
بسم الله الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب
 دعائے جنازہ نہ یاد ہو تو دعائے ماثورہ پڑھ سکتا ہے 
 نماز جنازہ میں تین چیزیں سنت مؤکدہ ہیں،انہی میں سے ایک دعائے میت بھی شامل ہے۔ اسلئے جس کو دعائے میّت یاد نہ ہوتو وہ کوئی بھی دعا پڑھ سکتا ہے۔ مثلاً دعائے ماثور یا الحمد للہ پڑھ لے سُنت ادا ہو جائے گی۔۔
 حضرت علامہ شمس الدین علیہ الرحمۃ والرضوان تحریر فرماتے ہیں کہ۔جس کو دعائے میت یاد نہ ہو،وہ اور کوئی دعائے ماثور پڑھ لے۔ (قانون شریعت حصّہ اوّل کتاب الجنائز صفحہ (۱۵۳) شبیر برادرز لاہور)
اور حضور صدر الشریعہ بدر الطریقہ حضرت علامہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمۃ الرضوان تحریر فرماتے ہیں کہ۔ پھر ﷲ اکبر کہہ کر اپنے اور میّت اور تمام مؤمنین و مؤمنات کے لیے دُعا کرے اور بہتر یہ کہ وہ دُعا پڑھے جو احادیث میں وارد ہیں اور ماثور دُعائیں اگر اچھی طرح نہ پڑھ سکے توجو دُعا چاہے پڑھے، مگروہ دُعا ایسی ہو کہ اُمورِ آخرت سے متعلق ہو۔۔ (بہار شریعت جلد اول (۱) حصہ چہارم (۴) نماز جنازہ کا بیان صفحہ (۸۲۹)
والله تعالیٰ اعلم
۱۸ محرم الحرام ۱۴۴۵ ھجری
۶ اگست ۲۰۲۳ عیسوی یکشنبہ
Previous Post Next Post