مسئلہ :- زید کہتا ہے کہ یزید کی ماں عیسائی تھیں جب کہ بکر کہتا ہے مسلمان تھیں دونوں میں کس کا قول درست ہے؟
بسم الله الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب
بکر کا قول درست ہے زوجہ امیر معاویہ یعنی یزید کی ماں میسون بنت بحدل کلبی نہ صرف مسلمان بلکہ تابعیت کے مرتبہ پر فائز تھیں جس پر کثیر شواہد و دلائل موجود ہیں جبکہ ان کے عیسائی و نصرانی ہونے پر کوئی معتبر دلیل موجود نہیں جیسا کہ حضرت سید مرتضی الحسینی الزبیدی تاج العروس من جواھر القاموس میں تحریر فرماتے ہیں کہ " ميسون بنت بحدل بن انيف من بنى حارثة بن جناب بن هبل من بنى كلب ام يزيد بن معاوية بن ابى سفيان رضى الله عن ابيه و عليه من الله تعالى ما يستحق قال الصاغانى : وهى من التابعيات " اھ ( تاج العروس من جواھر القاموس جلد ۱٦ صفحہ ۵۲۸ مطبوعہ كويت ) اور حضرت علامہ امام رضی الدین الحسن بن محمد الصغانی العباب الزاخر میں تحریر فرماتے ہیں کہ " ميسون ابنة بحدل .... أم يزيد بن معاوية : من التابعيات " اھ ( العباب الزاخر جلد اول صفحہ ۲۰۰ ) اور معجم الشعراء العرب میں ہے کہ " ميسون بنت بحدل بن أنيف بن قتافة بن عدى بن حارثة بن جناب شاعرة إسلامية تزوجها معاوية بن أبي سفيان و من قبله تزوجت من زامل بن عبد الأعلى فقتله أخ له كان قد خطبها ثم تزوجها معاوية فولدت له يزيد و طلقها و هی حامل به " اھ ( معجم الشعراء العرب ، جلد اول صفحہ ۲۱۵ )
مذکورہ بالا حوالاجات سے معلوم ہوا کہ یہ تینوں اقوال صراحتاً اس بات پر دلالت کرتے ہیں کہ میسون بنت بحدل نہ صرف مسلمان بلکہ تابعیت کے شرف سے مشرف تھیں ،
والله تعالیٰ اعلم
۲۵ محرم الحرام ۱۴۴۵ ھجری
۱۳ اگست ۳۰۲۳ عیسوی یکشنبہ
Tags:
متفرقات