جس جانور کا گوشت اچھا ہو اس کی قربانی کرنا افضل ہے

مسئلہ :- عمر کے پاس گاۓ اور بکری دونوں ہیں جو قیمت اور مقدار میں بھی ایک ہیں تو عمر کو کس کی قربانی کرنا افضل ہے؟
بسم الله الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب 
 صورت مستفسرہ میں جس کا گوشت اچھا ہو اس کی قربانی کرنا افضل ہے  
درمختارمیں ہے:’’الشاۃ افضل من سبع البقرۃ اذا استویا فی القیمۃ واللحم ،والکبش افضل من النعجۃ اذا استویا فیھما،والانثی من المعز افضل من التیس اذا استویا قیمۃ،والانثی من الابل والبقرۃ افضل ،حاوی،وفی الوھبانیۃ ان الانثی افضل من الذکر اذا استویا قیمۃ‘‘بکری گائے کےساتویں حصہ سے افضل ہے،جبکہ دونوں قیمت اورگوشت میں برابر ہوں اور مینڈھا،بھیڑ سےافضل ہےجبکہ دونوں قیمت اورگوشت میں برابرہوں،اوربکری بکرےسے افضل ہےجبکہ دونوں قیمت میں برابر ہوں،اوراونٹنی اورگائے (اونٹ اور بیل سے)افضل ہیں،حاوی،اوروہبانیہ میں ہےکہ مادہ نرسے افضل ہےجبکہ دونوں قیمت میں برابر ہوں۔
(درمختار مع رد المحتار،جلد ۹ ،صفحہ ۵۳۴ ،

    ردالمحتار میں ہے:’’قولہ:(اذا استویا الخ)فان کان سبع البقرۃ اکثر لحما فھوافضل،والاصل فی ھذا اذا استویا فی اللحم والقیمۃ فاطیبھما لحما افضل،واذا اختلفافیھما فالفاضل اولی۔تاترخانیۃ‘‘پس اگرگائے کاساتواں حصہ زیادہ گوشت والاہو تووہ ہی افضل ہے،اوراس بارے میں قاعدہ یہ ہےکہ جب دونوں جانورگوشت اورقیمت میں برابرہوں توان میں عمدہ گوشت والاافضل ہے،اوراگرگوشت اورقیمت میں برابرنہ ہوں توخوبی میں زائد بہترہے۔
   ( رد المحتار مع الدرالمختار،جلد ۹ ،صفحہ ۵۳۴ 
    رد المحتار میں ہے:’’قولہ:(اذا استویا فیھما)فان کانت النعجۃ اکثر قیمۃ اولحما فھی افضل۔ذخیرۃ ۔ط‘‘مصنف علیہ الرحمۃ کا قول:(جب دونوں گوشت و قیمت میں برابر ہوں)تواگربھیڑ گوشت یاقیمت میں زیادہ ہوتووہی افضل ہے۔
(رد المحتار مع الدرالمختار ،ج۹،صفحہ ۵۳۴ 
    بہار شریعت میں ہے:’’بکری کی قیمت اور گوشت اگر گائے کے ساتویں حصہ کے برابر ہو تو بکری افضل ہےاور گائے کے ساتویں حصہ میں بکری سے زیادہ گوشت ہو تو گائے افضل ہے یعنی جب دونوں کی ایک ہی قیمت ہو اور مقدار بھی ایک ہی ہو تو جس کا گوشت اچھا ہو وہ افضل ہے اور اگر گوشت کی مقدار میں فرق ہو تو جس میں گوشت زیادہ ہو وہ افضل ہے اور مینڈھا بھیڑ سے اور دنبہ دنبی سے افضل ہے جبکہ دونوں کی ایک قیمت ہو اور دونوں میں گوشت برابر ہو۔بکری بکرے سے افضل ہے مگر خصی بکرا بکری سے افضل ہے اور اونٹنی اونٹ سے اور گائے بیل سے افضل ہے جبکہ گوشت اور قیمت میں برابر ہوں۔‘‘
بہار شریعت،جلد ۳ ،صفحہ ۳۴۰ )
والله تعالیٰ اعلم
۵ ذی الحجہ ۱۴۴۴ ھجری
۲۴ جون ۳۰۲۳ عیسوی یکشنبہ

Previous Post Next Post