کونسا جانور حضور ﷺ پر ایمان لایا تھا؟

مسئلہ :- وہ کونسا جانور ہے جو نبی کریم رؤف الرحیم علیہ الصلوۃ والتسلیم  پر ایمان لایا تھا؟ 
بسم الله الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب
وہ جانور ہے گوہ جو حضور علیہ السلام پر ایمان لایا تھا ایمان لانے کا واقعہ کچھ اس طرح ہے
 حضرت سیدنا عبدُ ﷲ بن عُمَر رضی اللہ تعالٰی عنہما سے روایت ہے کہ قبیلۂ بنی سُلَیْم کا ایک اعرابی نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ واٰلہ وسلم کی بارگاہ میں حاضر ہوا اور کہنے لگا : میں اس وقت تک آپ پر ایمان نہیں لاؤں گا جب تک میری یہ گوہ آپ پر ایمان نہ لائے ۔ یہ کہہ کر اس نے گوہ کو آپ کے سامنے ڈال دیا ۔ آپ صلی اللہ تعالی علیہ وسلَّم نے گوہ کو پکارا تو اس نے " لَبَّیْك وَ سَعْدَیْك " اتنی بُلند آواز سے کہا کہ تمام حاضِرین نے سُن لیا ۔
 پھر آپ صلی اللہ تعالی علیہ وسلَّم نے پوچھا : تیرا معبود کون ہے؟ گوہ نے جواب دیا : میرا معبود وہ ہے کہ جس کا عرش آسمان میں ہے اور اسی کی بادشاہی زمین میں ہے ، اس کی رحمت جنت میں ہے اور اس کا عذاب جہنّم میں ہے ۔ پھر آپ صلی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے پوچھا : اے گوہ ! یہ بتا کہ میں کون ہوں؟ گوہ نے بُلند آواز سے کہا : اَنْتَ رَسُوْلُ رَبِّ الْعَالَمِيْنَ وَ خَاتَمُ النَّبِيِّيْنَ ، آپ رب العالمین کے رسول ہیں اور خاتم النبیین ہیں ،قَدْ أَفْلَحَ مَنْ صَدَّقَك جس نے آپ کی تصدیق کی وہ کامیاب ہو گیا وَ قَدْ خَابَ مَنْ کَذَّبَك  اور جس نے آپ کو جُھٹلایا وہ نامراد ہو گیا ۔ یہ مَنْظر دیکھ کر اعرابی *( دیہاتی )* اس قدر متأثر ہو ا کہ فوراً ہی کلمہ پڑھ کر مسلمان ہوگیا اور کہنے لگا کہ
یا رسول ﷲ ! میں جس وقت آپ کے پاس آیا تھا تو میری نظر میں روئے زمین پر آپ سے زیادہ ناپسند کوئی آدمی نہیں تھا لیکن اس وقت میرا یہ حال ہے کہ آپ میرے نزدیک میری جان اور میرے والدین سے بھی زیادہ پیارے ہیں ۔ آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : خُدا کے لئے حمد ہے جس نے تجھ کو ایسے دین کی ہدایت دی جو ہمیشہ غالب رہے گا اور کبھی مغلوب نہیں ہوگا ۔ پھر آپ صلی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اس کو سورۂ فاتحہ اور سورۂ اخلاص کی تعلیم دی ۔ اعرابی قران کی ان دو سورتوں کو سن کر کہنے لگا کہ میں نے بڑے بڑے فصیح و بلیغ ، طویل و مختصر ہر قسم کے کلاموں کو سنا ہے مگر خُدا کی قسم ! میں نے آج تک اس سے بڑھ کر اور اس سے بہتر کلام کبھی نہیں سنا " اھ 
( المعجم الاوسط ج 4 ص 283 رقم حدیث 5996 مختصراً )
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
۲۷ محرم الحرام ۱۴۴۴ ھجری 
۲۶ اگست ۲۰۲۲ عیسوی جمعہ مبارک
Previous Post Next Post