مسئلہ :- جب رب العالمین نے فرشتوں کو حکم دیا تھا کہ اے فرشتوں آدم (علیہ السلام) کو سجدہ کرو تو فرشتوں نے کتنا سجدہ کیا تھا؟
بسم الله الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب
فرشتوں نے تین سجدے کئے تھے
لیکن ان تینوں سجدوں کے وقتوں کے متعلق اختلاف ہے کہ کونسا سجدہ کتنا طویل تھا،
حکیم الامت حضرتِ علامہ مفتی احمد یار خاں نعیمی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں:
بعض علماء فرماتے ہیں کہ یہ سجدہ ظہر کے وقت سے عصر تک رہا -
دوسرا قول یہ ہے کہ ملائکہ سو برس سجدہ کرتے رہے -
اور تیسرا قول یہ ہے کہ پانچ سو سال تک سجدہ میں رہے -
ان باتوں کو اس طرح جمع کیا جاسکتا ہے کہ اولا فرشتوں نے آدم علیہ السلام کو سجدہ کیا جسکا شیطان نے انکار کیا یہ سجدہ تھوڑی دیر تک رہا پھر انہوں نے سر اٹھاکر دیکھا کہ شیطان آدم علیہ السلام کی طرف پیٹھ پھیرے کھڑا ہے تب انہوں نے دوسرا سجدہ اس سجدے کی توفیق کے شکریے میں ادا کیا یہ سجدہ رب کے لئے تھا اور سجدہ شکر تھا پھر جب سر اٹھایا تو انہوں نے دیکھا کہ شیطان پہلے بہت خوبصورت تھا لیکن اب اسکی شکل مسخ ہوکر جسم خنزیر کا سا اور چہرہ بندر کا سا ہوگیا تب انہوں نے ہیبت الٰہی سے ایک اور سجدہ کیا یہ تینوں سجدے آدم علیہ السلام کی طرف تھے مگر تین قسم کے اور انکی مدتیں علیحدہ علیحدہ " اھ( تفسیر نعیمی جلد اول صفحہ ۲۸۷ سورۂ بقرہ )
واللہ تعالیٰ اعلم
۲۸ ذی الحجہ ۱۴۴۳ ھجری
۲۸ جولائی ۲۰۲۲ عیسوی پنجشنبہ