حضور نبئ کریم ﷺ کی قبر مبارک کِس صحابی نے تیار کی؟

مسئلہ:- وہ کون سے خوش نصیب صحابئی رسول ہیں جنھوں نے حضور احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے قبر مبارک کو تیار کیا؟
بسم الله الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب
حضور اکرم ﷺ کی قبر مبارک حضرت ابو طلحہ انصاری نے تیار کی 
امام عبدالرحمن ابن جوزی (متوفیٰ ۵۹۷ ھ فرماتے ہیں حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہیں: جو شخص ابو عبیدہ بن جراح کو بلانے گیا تھا وہ آپ کو نہ پا سکا اور جو شخص ابوطلحہ کو بلانے گیا تھا اس نے آپ کو پا لیا چنانچہ وہ (ابو طلحہ) حاضر ہو گئے اور رسول اللہ ﷺ کے لئے لحد مبارک کھودی۔ 
( الوفاء باحوال المصطفیٰ مترجم صفحہ ۸۲٦)
اور رئیس المؤرخین امام ابن خلدون (متوفیٰ ۸۰۸ھ فرماتے ہیں کہ: صحابہ کرام میں (قبر کے متعلق) اختلاف ہوا کوئی کہتا تھا کہ لحد (صندوقی) قبر کھودی جاۓ اور کسی کی راۓ اعلی قبر بنانے کی تھی، حضرت ابنِ عباس رضی اللہ عنہما نے دو شخصوں کو ان دونوں آدمیوں کو بلانے بھیجا پس وہی شخص پہلے آیا جو صندوقی قبر بناتا تھا یعنی ابو طلحہ چنانچہ انہوں نے ہی رسول اللہ ﷺ کے لئے صندوقی قبر بنائی۔ 
( تاریخ ابنِ خلدون جلد اول صفحہ ۱۷۱)

امام عبد الرحمن بن عبد الله سہیلی اندلسی مالکی (متوفیٰ ۵۸۱ھ) نقل کرتے ہیں: حضرت ابو طلحہ انصاری نے رسول اللہ ﷺ کے لئے لحد والی قبر بنائی۔
( روض الانف جلد چہارم صفحہ ٦۷٦ ) 
اور شیخ محقق حضرت عبد الحق محدث دہلوی (متوفیٰ ۱۰۵۲ ھ لکھتے ہیں: دو آدمی (قبر کھودنے کے لئے بلانے) بھیجے ایک کو ابوعبیدہ کے پاس دوسرے کو ابوطلحہ کے پاس اور کہا جو پہلے آ جاے گا وہی اپنے طریقہ پر کام کرے، مگر حضرت ابوعبیدہ نہ ملے اور ابو طلحہ مل گئے اس کے بعد (وہ آۓ) اور بطریق لحد قبر تیار کی گئی۔ 
( مدارج النبوۃ جلد دوم صفحہ ۵۱۲
والله تعالیٰ اعلم
۸ ربیع الاول ۱۴۴۵ ھجری
۲۴ ستمبر ۲۰۲۳ عیسوی یکشنبہ
Previous Post Next Post